چنئی،21دسمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)انا ڈی ایم کے نے پارٹی سے معطل لیڈر ششی کلا پشپا اور ان کے شوہر کی طرف سے دائر اس درخواست کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے آج مدراس ہائی کورٹ میں ایک پٹیشن دائر کی جس میں درخواست کی گئی ہے کہ سابق وزیر اعلی جے للتا کی اتحادی وی کے ششی کلا کو پارٹی کی سیکرٹری جنرل مقرر کئے جانے پر روک لگائی جائے۔انا ڈی ایم کے کی جانب سے یہ درخواست پارٹی کے سینئر لیڈر ای مدھوسودن نے دائر کی ہے۔جسٹس کے کلیان سندرم نے معاملے کو 23دسمبر تک ملتوی کرتے ہوئے راجیہ سبھا رکن ششی کلا پشپا اور ان کے شوہر لگیشور تلگن کو اپنا جواب داخل کرنے کی ہدایت دی۔ششی کلا اور ان کے شوہر نے 16دسمبر کو پٹیشن داخل کرکے ششی کلا کی تقرری پر عبوری روک لگانے کی درخواست کی تھی۔ان کی پٹیشن پارٹی لیڈران کی طرف سے ششی کلا کو پارٹی میں سب سے اعلی عہدے پر مقرر کئے جانے کے مطالبے کے پس منظر میں تھا۔ششی کلا پشپا کے وکیل نے 16دسمبر کو دلیل دی تھی کہ جے للتا نے ششی کلا کو دسمبر 2011میں پارٹی سے نکال دیا تھا اور مارچ 2012میں انہیں پارٹی کی دوبارہ ابتدائی رکنیت دی گئی۔انہوں نے ابھی تک پارٹی میں پانچ سال کی ابتدائی رکنیت مکمل نہیں کی ہے اور اس وجہ سے وہ الیکشن لڑنے کے لئے موزوں نہیں ہیں۔